موٹر وے پر خاتون کو ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ، 5افراد گرفتار

161

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) مری ایکسپریس وے پر گاڑی میں سوار خاتون کو ہراساں کرنے پر موٹروے پولیس نے 5اوباش نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق موٹروے پولیس کے انسپکٹر سجاد نے مری پولیس کو بتایا کہ ایکسپریس وے پر مری کی جانب سفر کرنے والی خاتون نے 130 پر کال کرکے بتایاکہ اسے 5لڑکے ہراساں کررہے ہیں، گاڑی کا مسلسل پیچھا کررہے ہیں اور عجیب عجیب اشارے کررہے ہیں جس پر موٹروے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے5ملزمان فیضان ندیم، عبداللہ، مصعب عباس، عمر اور محمد ولید کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق پانچوں لڑکوں کا تعلق لاہورسے ہے جو گھومنے کے لیے مری آئے تھے، مری پولیس نے موٹروے پولیس انسپکٹر کی درخواست پر مقدمہ نمبر 485 درج کرلیا، پولیس کا کہنا تھاکہ ملزمان کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔