چادر و عصمت کا تحفظ حکومت کی ذمے داری ہے، زبیدہ خاتون

105

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع راولپنڈی کے زیر اہتمام موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کیخلاف راولپنڈی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جہاں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ مجرموں کو فوری گرفتار کرکے سر عام پھانسی دی جائے۔ مظاہرے میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی رکن شوریٰ زبیدہ خاتون، نائب ناظمات شمالی پنجاب نزہت بھٹی، کوثر پروین، رخسانہ غضنفر، ناظمہ ضلع راولپنڈی سمیہ علی، ناظمہ سٹی ڈسٹرکٹ نزہت ناطق، پریس سیکرٹری قدسیہ مدثر اور شبانہ ایاز کے علاوہ خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے زبیدہ خاتون نے موٹر وے پر خاتون سے اجتماعی زیادتی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صنف نازک کے ساتھ درندگی کا یہ افسوسناک مظاہرہ انسانیت کے نام پر سیاہ دھبہ ہے۔ محفوظ اور پاکیزہ معاشرے کا قیام حکمرانوں کی اولین ذمے داری اور ہماری ضرورت ہے۔ امن و امان کا قیام، چادر و عصمت کا تحفظ اور فوری انصاف کی فراہمی حکومت کی ذمے داری ہے جس میں کوتاہی اور لاپروائی سے اس طرح کے بھیانک نتائج نکلتے ہیں۔ نائب ناظمہ صوبہ شمالی پنجاب نزہت بھٹی کا کہنا تھا کہ اب تو بڑی شاہراہوں پر بھی خواتین کی عزت محفوظ نہیں رہی۔ امن و امان اور سلامتی و تحفظ کے ذمے دار ادارے کہاں ہیں؟۔ ملک میں جنگل کا قانون اور بھیڑیوں کا راج ہے۔ بچوں اور بچیوں کا زیادتی کے بعد قتل کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ اگر ان جنسی درندوں کو بروقت نشان عبرت بنایا جاتا تو زیادتی کے واقعات کو بڑھنے سے روکا جاسکتا تھا۔ ناظمہ ضلع سمیہ علی نے واقعہ پر دلی رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے واقعے کے مجرموں کو جلد کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو خواتین اپنے تحفظ اور انصاف کے لیے بھرپور آواز بلند کریں گی۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے درندہ صفت مجرمان کی فوری گرفتاری اور انہیں سر عام پھانسی دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ خواتین اور بچے بچیوں کے ساتھ درندگی کے مرتکب کسی معافی کے حقدار نہیں۔ ناظمہ سٹی ڈسٹرکٹ نزہت ناطق نے کہا کہ خواتین کی عفت و عصمت کے تحفظ کو لاحق خطرات اور اس سر عام درندگی کیخلاف جماعت اسلامی حلقہ خواتین ملک بھر میں ہر فورم پر آواز اٹھا رہی ہے۔