شکارپور، مزدا سے منشیات کی 40 پیٹیاں برآمد، 2 افراد گرفتار

107

شکارپور (نمائندہ جسارت) کوئٹہ سے شکارپور ٹماٹروں کے ساتھ اسمگلنگ ہونے والی چرس کی 40 پیٹیاں اسٹورٹ گنج پولیس نے برآمد کرلیں، 2 افراد گرفتار، چرس غائب کردی۔ اسٹورٹ گنج پولیس نے شکارپور کی سبزی منڈی میں کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں ٹماٹروں کی پیٹیوں میں چرس برآمد کرلی، پولیس نے شکارپور سبزی منڈی کے بیوپاری جاوید قریشی کے کزن اور ایک ٹھیلے والے کو گرفتار کرکے چرس سمیت غائب کردیا۔ دوسری جانب رابطہ کرنے پر ایس ایچ او مزمل سومرو نے مؤقف دینے سے انکار کردیا۔ اسٹور گنج پولیس نے کہا کہ ہم نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ جبکہ سبزی منڈی میں شاہدین کے مطابق مزدا گاڑی میں پڑی 172 ٹماٹروں کی پیٹیوں میں چرس کی 40 پیٹیاں پڑی تھیں جوکہ اسٹورٹ گنج پولیس نے تحویل میں لینے کے بعد پولیس موبائل دو افراد کو گرفتار کرکے لے گئی۔ آخری اطلاع تک پولیس کی جانب سے کوئی بھی مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور نہ ہی کارروائی ظاہر کی گئی۔ معاملے کے متعلق ایس ایس پی شکارپور کامران نواز پنجھوتا اور اے ایس پی سٹی کامران زرغون سے مؤقف لینے کی کوشش کی گئی مگر ایس ایس پی اور اے ایس پی نے مؤقف دینا گوارہ ہی نہیں سمجھا۔ البتہ پولیس اکثر ایسی کارروائیاں کرتی ہے اور میڈیا پر ظاہر کرنا مناسب نہیں سمجھ کر معاملے کو رفعہ دفعہ کیا جاتا ہے۔