منی لانڈرنگ،شہباز شریف کیخلاف 110گواہان کی فہرست تیار

65

لاہور(نمائندہ جسارت) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں 110گواہان کی تفصیلات منظر عام پر آگئیں ۔نیب کی تیار کردہ فہرست میں مختلف بینکوں کے نمائندے ، ایف بی آر ، پٹواری اور دیگر سرکاری محکموں کے افراد ، نیب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور انویسٹی گیشن آفیسر بھی شامل ہیں جبکہ شریف خاندان کیخلاف 4وعدہ معاف گواہ مشتاق چینی ، یاسر مشتاق ، شعیب قمر اور محبوب علی نیب موقف کی تائید کرینگے۔
نیب نے شہباز خاندان کیخلاف 7ارب35کروڑ کی منی لانڈرنگ کا ریفرنس دائر کررکھا ہے ، احتساب عدالت نے سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا تھا ۔ سلمان شہباز ملک سے باہر چلے گئے ۔ عدالت نے شہباز شریف، انکی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹیوں کو طلب کیا تھا ۔ یاد رہے کہ گزشتہ سماعت میں شہبازشریف بھی اپنی بیٹی جویریہ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے جہاں عدالت کی طرف سے جویریہ کو حاضری لگانے کے بعد جانے کی اجازت دے دی گئی تھی ۔