امریکہ عالمی امن کو برباد کرنے والا ملک ہے، چینی وزارت دفاع

396

بیجنگ: چینی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ حالیہ برسوں میں امریکی کی جانب سے کئیے گئے اقدامات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ امریکہ عالمی امن کیلئے خطرہ ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزارت دفاع نے امریکہ کو عالمی امن کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ اور گزرے برس اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ یہ امریکا عالمی سطح پر امن کو برباد کرنے والا ملک ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکا کی جانب سے عراق، لیبیا، شام اور دیگر ممالک میں دو دہائیوں کے دوران کی گئی جارحیت کے نتیجے میں 8 لاکھ سے زائد افراد ہلاک اور کروڑوں نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔

امریکہ کی جانب سے چین کیخلاف کانگریس میں جمع کرائی گئی رپورٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چینی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے حقائق کو مسخ کیا گیا اور چین کے دفاعی استعداد کے مقاصد کو غلط رنگ دیا گیا ہے جبکہ رپورٹ میں پیپلز لبریشن آرمی اور سوا ارب سے زائد چینی عوام کے رشتے کو کمزور کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔

واضح رہے کہ 2 ستمبر کو امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے کانگریس میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں چینی فوج کو امریکا کے قومی مفاد اور عالمی امن کے لیے خطرہ قراردیا گیا تھا۔