لاہور موٹروے واقعہ: عدالت نے سی سی پی او کو طلب کرلیا

255

لاہور ہائیکورٹ نے موٹروے پر خاتون سے زیادتی کیس میں سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو آج دوپہر ایک بجے طلب کرلیا.

لاہور ہائیکورٹ میں گجرپورہ موٹروے پرخاتون سے زیادتی کیس کی سماعت چیف جسٹس قاسم خان سوری نے کی.

عدالت نے کہا کہ اتنا بڑاواقعہ ہوگیا لیکن حکومت کمیٹی کمیٹی کھیل رہی ہے اور وزرا کے ایڈوائزر موقع پر جا کر تصاویر بنوارہے ہیں.

عدالت نے ریمارکس دیے کہ سی سی پی اوکے بیان پرپوری کابینہ کومعافی مانگنی چاہیئے تھی، کابینہ معافی مانگتی تو قوم کی بچیوں کوحوصلہ ہوتا لیکن پنجاب حکومت کے وزرا سی سی پی او کو بچانے میں لگ گئے، لگتا ہے سی سی پی او لاہور وزرا کا افسر ہے.

لاہور ہوئیکورٹ کے چیف جسٹس قاسم خان سوری نے ریمارکس دیے کہ کیا تفتیش کرنا وزیرقانون کا کام ہے؟ کیا وزیرقانون کو تفتیش کا تجربہ ہے؟ وزیرقانون کس حیثیت سے کمیٹی کی سربراہی کررہے ہیں؟

بعد ازاں عدالت نے سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو دوپہر ایک بجےعدالت طلب کرلیا گیا اور موٹروے واقعہ کی تحقیقات کیلئےقائم کمیٹی کا نوٹیفکیشن بھی طلب کرلیا.