لاہور موٹروے پرخاتون سے زیادتی کیس میں ملزم وقار کے سالے نے بھی گرفتاری دے دی.
لاہور گجرپورہ موٹروے پر خاتون کے ساتھ زیادتی کیس میں پولیس کی جانب سے ملزمان کی تصاویر منظرعام پر آنے کے بعد گزشتہ روز وقارلحسن نامی ملزم نے خود پولیس کو گرفتاری دے دی تھی اور آج اس کے سالے عباس نے پولیس کو گرفتاری دے دی.
میڈیا رپورٹ کے مطابق لاہور موٹروے زیادتی کیس میں ملزم وقار کے برادر نسبتی عباس نے گرفتاری دے دی،عباس نے شیخوپورہ میں خود کو پولیس کے حوالے کیا.
ملزم عباس نے ابتدائی بیان میں کہا کہ گوجرپورہ واقعے سے میرا کوئی تعلق نہیں، امید ہے میرے ساتھ انصاف ہوگا، میری بہن جس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے وہ بھی میرے ساتھ انصاف کرے گی، میری اپنی 3 بیٹیاں ہیں جن کا میں سہارا ہوں، میں خود کو پولیس کے حوالے کررہا ہوں.
ذرائع کے مطابق عباس ملزم وقار کے نام پر سم استعمال کررہا تھا.
پولیس کے مطابق وقار الحسن ابتدائی تحقیقات میں واقعے میں ملوث نہیں پایا گیاتاہم حتمی فیصلہ ڈی این اے رپور ٹ آنے کے بعد ہوگا۔