پختونخوا اپوزیشن کا سی سی پی اولاہورکیلیے چوڑیوں اور دوپٹے کا تحفہ

78

پشاور (اے پی پی) خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن کی خواتین نے سی سی پی او لاہور عمر شیخ کے غیر ذمے دارانہ بیان پر انہیں چوڑیوں اور دوپٹے کا تحفہ بھجوانے کا اعلان کردیا‘ انہوں نے پنجاب میںجرائم کے بڑھتے واقعات پر احتجاج کیا۔ اسمبلی عمارت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی نگہت اورکزئی، جمعیت علما اسلام کی ریحانہ اسماعیل اور مسلم لیگ (ن) کی ثوبیہ شاہد نے کہا کہ جنسی زیادتی کا شکار بننے والی خاتون سے متعلق سی سی پی او لاہور عمر شیخ کا بیان غیر ذمے دارانہ ہے‘ سی سی پی او لاہور کی بے حسی پر انہیں دوپٹہ اور چوڑیاں بھجوا رہے ہیں‘ موٹروے واقعے پر خیبر پختونخوا اسمبلی سے مذمتی قرارداد پاس ہونی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ نوشہرہ میں خاتون پولیس اہلکار کے قتل کے خلاف نوشہرہ پولیس کو بھی دوپٹہ اور چوڑیاں بھجوا رہے ہیں‘ اتنی پولیس نفری کی موجودگی میں خاتون پولیس اہلکار کو قتل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر لاہور واقعے کی رپورٹ منظر عام پر نہ آئی تو سی سی پی او لاہور کے گھر کے سامنے دھرنا دیں گے۔