موٹروے واقعہ اورسی سی پی او لاہور کا بیان شرمناک ہے،سینیٹر مشتاق خان

101

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے ضلع شانگلہ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نقیب اللہ محسود اور سانحہ ساہیوال کے مجرموں کو سزائیں دی جاتیں تو موٹر وے پر اس قسم کے واقعات رونما نہ ہوتے۔ موٹر وے واقعہ پرسی سی پی او لاہور کا بیان شرمناک ہے، ان کے بیان نے پوری قوم اور بالخصوص متاثرہ خاندان کے زخموں پر نمک پاشی کا کام کیا ہے۔حکومت نے ذاتی عناد کی وجہ سے پنجاب کے چھے آئی جی تبدیل کیے لیکن وہاں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ حکومت نے دو سال میں ریکارڈ قرضہ لیا ہے،مہنگائی میں دوگنا اضافہ ہوچکا ہے۔ادویات دو سو فیصد مہنگی ہوچکی ہیں۔ملکی اور بین الاقوامی مافیا حکومتی ٹیم کا حصہ ہے، اس کے باوجود بھی حکومت مکمل طور پر ناکام ہے۔ ملک میں جنگل کا قانون ہے، خیبر پختونخوا میں حالات بد سے بدتر ہیں،صوبائی حکومت کی کارکردگی بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ وفاقی حکومت صوبے کو مالیاتی حقوق نہیں دے رہی اور صوبائی حکومت نے بھی اس معاملے پر چپ سادھ لی ہے ۔ حکومت بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کررہی ہے، اسی لیے پشاور ہائی کورٹ میں حکومت کیخلاف بلدیاتی انتخابات میں تاخیر پر رٹ دائر کردی ہے۔ حکومت کو بلدیاتی انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ رسول اللہﷺ خاتم النبیینﷺ ہیں ان کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا۔ عقیدہ ختم نبوتﷺ ہمارے ایمان کا حصہ ہے، کسی کو بھی ختم نبوتﷺ کے قانون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی اجازت نہیں دیں گے۔ ختم نبوتﷺ کے دفاع کے لیے پارلیمنٹ، میڈیا، گلی کوچوں اور چوکوں چوراہوں پر لڑیں گے۔