اسلام آباد (آن لائن ) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج( منگل کو) دوپہر 12بجے ہو گا ، اجلا س میں 16نکا تی ایجنڈے پر غور غوض کیا جائے گا جبکہ کراچی کے عوام کے لیے بجلی2 روپے 89 پیسے فی یونٹ تک مہنگی، پائلٹس کے مشکوک لائسنس کی منسوخی اور آئینی ترمیمی بل2020 بھی غور کیا جا ئے گا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی ،معاشی اور اقتصادی صورت حال پر سمیت لاہور سیالکوٹ موٹروے پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کیس کے متعلق معاملہ زیر غور آئے گا۔ ایجنڈے کے مطابق کابینہ میں 2 ستمبر کو ہونے والے ای سی سی اجلاس کے فیصلے توثیق کے لیے پیش کیے جائیں گے، ای سی سی نے کے الیکٹرک کے لیے بجلی ایک روپے9 پیسے سے2 روپے 89 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کرنے کی منظوری دی تھی جبکہ کے الیکٹرک کے لیے4 ارب 70کروڑ روپے کی سبسڈی کی منظوری بھی دی گئی تھی۔کابینہ اجلاس میں پائلٹس کے مشکوک لائسنس کی منسوخی کے معاملے پر غور کیا جائے گا ۔