اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)پاکستان نے بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع جودھپور میں گزشتہ ماہ 11 پاکستانی ہندووں کی ‘پراسرار’ ہلاکت پر گہری تشویش سے آگاہ کرنے کے لیے بھارتی ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کیا گیا۔ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چودھری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 9 اگست کو راجستھان کے علاقے جودھپور کے گاؤں لودھتا میں بچوں سمیت 11 پاکستانی ہندو پراسرار حالات میں انتقال کرگئے تھے اور اس پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔بیان کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ نئی دہلی میں پاکستانی سفیر کی جانب سے متعدد مرتبہ واقعے کی تفصیلات مانگنے کے باوجود بھارتی حکومت معاملے کو نظر انداز کررہی ہے اور مختصر معلومات جاری کی گئیں۔دفترخارجہ کے مطابق ‘انہیں بتایا گیا کہ بھارتی حکومت پاکستانی ہندووں کی ہلاکت پر ان حالات اور وجوہات سے متعلق ٹھوس معلومات فراہم کرنے میں ناکام ہوئی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ متاثرہ خاندان کے سربراہ کی بیٹی شریمتی مکھی کی جانب سے سنجیدہ بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کے والد، والدہ اور دیگر اہل خانہ کے قتل کا الزام ریسرچ اینڈ اینالیسز ونگ (را) سے جڑتا ہے کیونکہ را انہیں پاکستان کے خلاف بیان دینے اورجاسوسی کے لیے تیار کرنے میں ناکام ہوئی تھی۔دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت سے اس واقعے کی شفاف تفتیش کرنے، نئی دہلی میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن کو متاثرہ خاندان کے زندہ بچ جانے والے افراد تک رسائی کا مطالبہ کیا گیا۔بھارتی حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ واقعے کی ایف آئی آر کی نقل، ابتدائی تفتیشی رپورٹ اور بلاتاخیر جاں بحق افراد کے پوسٹ مارٹم کے دوران پاکستانی ہائی کمیشن کے نمائندے کی موجودگی کیلیے اقدامات کیے جائیں۔