حیدرآباد :برساتی پانی میں مچھروں کی بہتات ،بیماریاں پھیلنے لگیں

45

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد شہر کے اندر حالیہ بارشوں کے بعد جمع ہوئے پانی سے مچھروں کی بہتات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جگہ جگہ بارش کے جمع پانی اور گندگی سے مچروں کی بہتات ہے۔ مچھروں نے زندگی عذاب بنا رکھی ہے، حیسکو کی لوڈشیڈنگ جو آٹھ گھنٹوں پر مشتمل ہے، رات کو عوام سخت گرمی میں باہر بھی آرام کرنے سے قاصر ہیں۔ دن میں مکھیاں اور رات کو مچھروں نے کاٹ کاٹ کر جینا حرام کر رکھا ہے۔ حیدر آباد کی ہر یوسی میں ہنگامی بنیاد پر عوام کو مچھروں کی بہتات سے بچانے کے لیے اسپرے مہم کا ضلعی حکومت حیدر آباد فوری طور پر آغاز کرے تاکہ ڈینگی مچھروں اور دیگر وبا سے عوام کی زندگیاں محفوظ رہ پائیں۔ یہ بات نیو وحدت کالونی ایکشن کمیٹی حیدر آباد کے چیئرمین شاہد سومرو، وائس چیئرمین مولا بخش مری نے نیو وحدت کالونی، فیز ون، قاسم آباد، انور ولاز، شیدی گوٹھ، سحرش ننگر، بھٹائی نگر، ماروی ٹاﺅن سمیت قاسم آباد کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر مکینوں سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کمشنر حیدر آباد، ڈپٹی کمشنر حیدر آباد سے پرزور مطالبہ کیا کہ پورے حیدرآباد میں لوگوں کی زندگیاں محفوظ بنانے سمیت دیگر امراض سے بچانے کے لیے مچھر مار مہم جلد سے جلد شروع کی جائے۔