کورونا وائرس کی وبا میں سندھ حکومت نے اربوں روپے کی کرپشن کی

47

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف ضلع حیدر آباد کے صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ سندھ میں کرپشن اپنے عروج پر ہے۔ روز مرہ کی کرپشن کے علاوہ کورونا وائرس کی وبا میں سندھ حکومت نے اربوں روپے کی کرپشن کی ۔ سرکاری سطح پر برائے نام کورونا کے ٹیسٹ کروائے گئے جبکہ پرائیویٹ اسپتالوں سے ٹیسٹ کرانے والوں کا کریڈٹ بھی سندھ حکومت لیتی رہی۔ سندھ حکومت نے قرنطینہ سینٹر جو قائم کیے ان میں غریب مریضوں کے لیے نہ تو علاج کی سہولیات تھی اور نہ ہی مناسب خوراک اور دیکھ بھال۔ 80 فیصد افراد اپنے گھروں میں قرنطینہ تھے لیکن صوبائی حکومت اربوں روپے کھا گئی۔ نہ تو کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کو کوئی امداد دی گئی اور نہ ہی ان کے نقصان کا ازالہ کیا گیا۔ اب یہی وزیر اعلیٰ اور ان کے نورتن سیلاب اور بارش متاثرین کے نام پر لوٹ مار کررہے ہیں۔ کسی متاثر کو نہ تو مالی امداد دی گئی ہے اور نہ ہی ان کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور کرپشن ایک ہی چیز کے دو نام ہیں۔ 12 سال سے سندھ میں اقتدار پر قابض پیپلز پارٹی کی حکومت غریب عوام کے لیے زندگی کی سہولیات نہیں دلاسکی ہے۔ عوام بدحالی و مشکلات کا شکار ہیں۔ 18ویں ترمیم کے بعد ہر طرح کے اختیارات کا رونا رونے والی صوبائی حکومت صرف ووٹ لینے کی حد تک عوام سے رابطہ رکھتی ہے، مصیبت اور پریشانی میں کبھی عوام کا ساتھ نہیں دیا۔