پاکستان میں نظام مصطفےٰ کے نفاذ کو روک کر وعدہ خلافی کی گئی، مشرف قادری

98

سکھر (نمائندہ جسارت) تنظیمات اہلسنت سکھر کا ایک اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا گیا، علمائے کرام سنی تنظیموں اور عوام سے رابطوں کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیمات اہلسنت کے چیئرمین مشرف محمود قادری، صاحبزادہ سید حامد محمود فیضی، حافظ محبوب سہتو قادری، غیاث الدین قادری، عدنان رضا قادری، مولانا رضوان خان، مولانا غلام محمد سعیدی، مولانا ساجد سومرو، انور کمال بلوچ، شزاد خرم، محمد حامد قادری، شکیل احمد صدیقی، حاجی محمد یاسین سعیدی، مولانا عزیز اللہ فیضی، مولانا اللہ وسایا انڈھڑ حسنی، مولانا عثمان فیضی، محمد عارف قادری اور دیگر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان اسلام اور کلمے کے نام پر حاصل کیا گیا، ملک میں نظام مصطفےٰ نافذ ہونا تھا مگر ایک سازش کے تحت مملکت خداداد پاکستان میں نظام مصطفےٰ کے نفاذ کو روک کر وعدہ خلافی کی گئی۔ مشرف محمود قادری کا کہنا تھا کہ کراچی تا خیبر، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان تک یا رسولﷺ کہنے والے متحد ہوچکے ہیں، شعائر اسلام کا تحفظ ہر صورت کیا جائیگا اسلام ملک و قوم کے لیے ہر قسم کی قربانی دیں گے۔ تحفظ ناموس رسالتﷺ عقیدہ ختم نبوتﷺ کی حفاظت، اہلبیت کی محبت اور عظمت صحابہؓ کے لیے اسلام کے سپاہی عاشقان رسولﷺ صحابہؓ کے وفادار اور اہلبیت کے غلام میدان عمل میں آچکے ہیں جو دین دشمنوں کا تعاقب کرتے رہیں گے۔