ٹنڈوالہٰیار، ڈاکٹر لال چند باگڑی تیز دھارے آلے سے قتل

124

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) سخی وہاب کالونی میں دن دہاڑے اتائی ڈاکٹر لال چند باگڑی کو تین نامعلوم مسلح افراد نے تیز دھار آلے سے بے دردی سے قتل کرکے فرار، ورثا کا کیریا شاخ اور تھانے پر قاتلوں کی گرفتاری کے لیے احتجاجی مظاہرہ، پولیس نے دو افراد کو شک کی بنیاد پر گرفتار کرلیا گیا۔ سخی وہاب کالونی میں دن دہاڑے اتائی ڈاکٹر لال چند باگڑی کو تین نامعلوم مسلح افراد ان کے کلینک میں داخل ہوکر تیز دھار آلے کے ساتھ بے دردی سے قتل کر کے فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی درجنوں باگڑی برادری کے مر د و خواتین اور بچے سڑکوں پر نکل آئے اور باگڑی برادری کے سیکڑوں افراد نے کلینک کے باہر اور کیریا شاخ سمیت تھانہ سیکشن بی پر بھرپور احتجاج کرتے ہوئے ڈاکٹر کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے رہے اور لاش کو پولیس کی تحویل میں دینے سے انکار کردیا، قاتل گرفتار ہوں گے تو لاش قانونی کارروائی کے لیے دی جائے گی، جس پر ڈی ایس پی ٹنڈوالہٰیار نے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے کارروائی کرتے ہوئے دو افراد کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب ڈاکٹر لال چند باگڑی کے قتل پر باگڑی برادری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہمارا ایک ہی ڈاکٹر تھا، جسے قتل کردیا گیا، ہم ایسے پاکستان میں نہیں رہنا چاہتے جہاں ہمارے افراد کو سرعام قتل کردیا گیا۔ ڈی ایس پی عرفان شاہ کا کہنا تھا کہ ان کا ناہیوں برادری کے ساتھ پلاٹ پر جھگڑا چل رہا تھا، ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شک کی بنیاد پر دو افراد کو تفتیش کے سلسلے میں حراست میں لیا گیا ہے۔