حیدرآباد :گوٹھ عبداللہ چانگ کے مکینوں کا سہولیات کی عدم فراہمی پر احتجاج

132

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ہالا ناکہ پر واقع گوٹھ عبداللہ خان چانگ کے رہائشیوں نے محمد نواز چانگ کی قیادت میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کیخلاف حیدر آباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے حکومت سندھ اور منتخب نمائندوں کیخلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ محمد نواز چانگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بارشوں کے بعد تعلقہ سٹی کا گوٹھ عبداللہ خان چانگ جھیل کا منظر پیش کررہا ہے، ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کی جانب سے بھی بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے جبکہ سیوریج کے پانی کی لائنوں کو بلڈرز اور بااثر افراد کی جانب سے بند کرنے سے سیوریج کا پانی بھی گوٹھ عبداللہ خان چانگ میں جمع ہوگیا اور سیوریج کا پانی اب گھروں میں بھی داخل ہورہا ہے۔ مچھر اور مکھیوں کی بہتات سے امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں نے ووٹ لینے کے بعد علاقہ مکینوں کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا ہے۔ عوام کے ووٹوں سے اعلیٰ ایوانوں میں پہنچنے والے نمائندے عوامی مسائل سے غافل ہیں۔ گوٹھ عبداللہ خان چانگ میں ڈرینج کا نظام بری طرح متاثر ہے اور بااثر افراد کی جانب سے بھی ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امیر علی شاہ جاموٹ نے پچھلی حکومت میں گوٹھ عبداللہ خان چانگ میں گیس کی فراہمی کا منصوبہ منظور کیا تھا لیکن تاحال گوٹھ میں گیس کی فراہمی سے متعلق کسی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔ اس ترقی یافتہ دور میں گوٹھ عبداللہ خان چانگ کے رہائشیوں کو بنیادی سہولیات سے محروم کرنا رہائشیوں سے زیادتی کے مترادف ہے۔ مظاہرین نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر گوٹھ عبداللہ خان چانگ کے رہائشیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بناتے ہوئے پانی کی نکاسی، سوئی گیس کی فراہمی سمیت دیگر مسائل حل کیے جائیں تاکہ ہم بھی دوسرے شہریوں کی طرح پرسکون زندگی گزار سکیں۔