جماعت اسلامی نے بلا تفریق متاثرین کی مدد کی ،حافظ نصر اللہ چنا

52

شکارپور (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع شکارپور مجلس شوریٰ کا اجلاس فرقانیہ ہال میں زیر صدارت امیر جماعت اسلامی ضلع شکارپور عبدالرحمن منگریو کی قیادت میں ہوا۔ اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ حافظ نصر اللہ عزیز چنا نے خصوصی شرکت کی، شوریٰ کے تمام ممبران اجلاس میں شریک تھے، جن میں ایڈووکیٹ عبدالقادر ابڑو، عبدالفتاح سھندڑو، حافظ نیاز احمد بھٹی، ایڈووکیٹ علی اصغر پھوڑ، سیف الدین میمن، عبدالسمیع بھٹی، حافظ کریم داد انڑ، حافظ سرفراز بھٹو، مولانا برکت اللہ بھٹو، عبدالوحید کٹبار، وسیم شیخ، مولانا صبغت اللہ بروہی تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ حافظ نصر اللہ عزیز چنا نے کہا کہ بارش اور سیلاب میں جماعت اسلامی اور الخدمت فاو¿نڈیشن نے کراچی، بدین، ٹھٹھہ، میرپور خاص، حیدر آباد، جیکب آباد سمیت دیگر شہروں میں بارش سے متاثرہ افراد کی ہر لحاظ سے مدد کی، جماعت اسلامی بغیر کسی ذات پات کے انسانیت کی خدمت کا فریضہ انجام دیتی رہے گی۔ عالمی کفریہ طاقتیں پاکستان میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کے لیے میدان میں اتری ہوئی ہیں۔ جماعت اسلامی کے کارکنان عالمی کفر کا جم کر مقابلہ کریں۔ امیر جماعت اسلامی ضلع شکارپور عبدالرحمن منگریو نے شوریٰ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو تین ماہ سے شکارپور میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے امن کی فضا ناخوشگوار ہوگئی ہے۔ دن دہاڑے گن پوائنٹ پر عوام کو لوٹ کر چور آسانی سے فرار ہورہے ہیں، منتخب نمائندے بھی خاموش ہیں۔ سرکاری ایڈمنسٹریٹر مقرر ہونے کے باوجود بھی شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال خراب ہے، روڈوں، راستوں اور گلیوں میں گندگی کے ڈھیر اور سیوریج کا پانی جمع ہے۔ ملازمین کو بروقت تنخواہیں دی جائیں تاکہ صفائی ستھرائی بہتر طریقے سے ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ شکارپور کے زیر زمین پینے کے صاف پانی کو زہریلا بنادیا گیا جبکہ شکارپور کا میٹھا پانی اندرون ملک اور بیرون ملک میں مشہور تھا۔ شوریٰ اجلاس میں قرارداد پاس کی گئی کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر کیا جائے، زیر زمین پینے کے صاف پانی کو بہتر کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر کیا جائے، بصورت دیگر سخت احتجاج کیا جائے گا۔