پنگریو، آر ڈی 286 میں پڑنے والا شگاف پانچ روز بعد بھی بند نہ ہوا

36

پنگریو (نمائندہ جسارت) پنگریو کے قریب براعظم ایشیا کے سب سے بڑے سیم نالے ایل بی او ڈی کی آر ڈی 286 میں پڑنے والا شگاف پانچ روز بعد بھی بند نہ ہونے اور پانی کے دباﺅ کے باعث تھرپارکر اور بدین اضلاع کو باہم ملانے والے اہم ذریعے پنگریو نوکوٹ روڈ کا مزید حصہ پانی میں بہہ گیا ہے اور پانی مسلسل اوور ٹاپ کرنے کے باعث اس روڈ کے ذریعے دونوں اضلاع کے درمیان ہونے والازمینی رابطہ بدستور منقطع ہے۔ تھرپارکر انتظامیہ اور ڈرینج حکام کی جانب سے شگاف بند کرنے میں غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ کرنے کے باعث شگاف کا پانی کئی دیہات کو زیر آب کرتا پنگریو نوکوٹ روڈ سے اوور ٹاپ کررہا ہے، پانی کے تیز بہاﺅ کے باعث پنگریو نوکوٹ روڈ کا مزید حصہ بہہ گیا ہے، جس کی وجہ سے دونوں اضلاع کی بیس سے زائد یونین کونسلوں کے ہزاروں باشندوں کو ضلع بدین اور تھرپارکر کے شہروں تک آنے جانے میں شدید مشکلات اور پریشانیوں کاسامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انتظامی بے حسی کے باعث دونوں اضلاع کے ہزاروں باشندوں کو درپیش مصائب پر سیاسی اور سماجی تنظیموں نے شدید احتجاج کیا ہے اور شگاف فوری طور پر بند نہ کیے جانے کی صورت میں تحریک چلانے کی دھمکی دی ہے۔