متاثرہ خاتون چاہے تو جوڈیشل کمیشن بن سکتا ہے، گورنر پنجاب

69

لاہور (نمائندہ جسارت) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ اگر متاثرہ خاتون چاہے تو سانحہ موٹر وے پر جوڈیشل کمیشن بن سکتا ہے، سانحے میں ملوث ملزمان دہشت گرد ہیں، ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی، ان کو بھاگنے نہیں دیا جائے گا، نشان عبرت بنائیں گے، حکومت یہ نہیں کہتی کہ نوازشر یف علاج نہ کروائیں مگر جو علاج ہو رہا ہے اس کی معلومات حکومت اور عدلیہ کو دیکر مطمئن کریں، اپوزیشن میں نظریہ اور اتحاد نام کی کوئی چیز نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گور نر ہاؤس میں بوائز اسکاؤٹس کے زیر اہتمام شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا لگانے کے بعد صحافیوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ سانحہ موٹر وے پر پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں نے جس تیزی کے ساتھ کام کیا ہے اس کی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔ ڈی این اے ٹیسٹ بھی ہو رہے، ملزموں کو گر فتار کریں گے اور نشان عبرت بھی بنایا جائے گا۔ اگر متاثرہ خاتون یہ سمجھتی ہیںکہ وہ اس سانحے پر جوڈیشل کمیشن کے ذریعے تحقیقات کروانا چاہتی ہیں تو حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔