الخدمت کی جانب سے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کے طلباء میں ماسک وہینڈ سینیٹائزرتقسیم

170

کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت کی جانب سے کراچی کے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں جراثیم کش ادویہ کے اسپرے کا سلسلہ جاری ہے۔الخدمت کی جانب سے منگل کو جامعہ کراچی سمیت درجنوں تعلیمی اداروں میں نہ صرف اسپرے کیاگیابلکہ کوروناوائرس کے سبب 6ماہ بعد جامعہ میں تدریس کے آغاز پران اداروں میں آنے والے طلبہ وطالبات کابھی خیر مقدم کیا اوران میں ماسک و ہینڈ سینیٹائزر تقسیم کیے۔

تعلیمی اداروں کے مرکزی دروازے کے اطراف اور مختلف شعبہ جات میں آگہی بینرز وپوسٹرز بھی آویزاں کیے گئے،جن میں طلبہ کیلئے کورونا سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلے سے متعلق ہدایات درج تھیں۔الخدمت کی جانب سے جامعہ کراچی ودیگر تعلیمی اداروں کے مختلف تدریسی شعبہ جات کے سربراہان کوبھی ماسک اور ہینڈ سینیٹائزرز پیش کیے گئے۔

دریں اثنا چیف ایگزیکٹوالخدمت انجینئر سلیم اظہر نے کہا کہ چھ ماہ بعد تعلیمی اداروں میں تدریس کا آغاز خوش آئند عمل ہے۔طلبہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر عمل کریں اور نہ صرف خود کو بلکہ دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔

انجینئر سلیم اظہر نے کہا کہ الخدمت نے کوڈ19 -کے دوران بھر پور کام کیے اوران کاموں کو پذیرائی ملی۔تعلیمی اداروں میں اسپرے بھی انہی سرگرمیوں کی ایک کڑی ہے۔الخدمت اپنا ہرممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔