ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھل گئے

291

ملک بھر میں کورونا کے باعث بند تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا.

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے باعث بند تعلیمی ادارے 187 روز کے بعد کھل گئے، وفاقی ونجی تعلیمی اداروں میں طلبا کی آمد کا سلسلہ جاری ہے تاہم کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے.

تعلیمی اداروں میں جان لیوا وبا سے بچاؤ کے لیے ماسک، ہینڈسینیٹائزراور سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کے ساتھ ساتھ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ اسکولوں میں اسمبلی، کھیلوں اور دیگر اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے.

حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ والدین کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر بچوں کواسکول نہ بھیجیں.

خیال رہے کہ کچھ روز قبل سیکرٹری تعلیم کا کہنا تھا کہ 2021 میں تعلیمی سیشن مئی سے شروع کیا جائے گا جس میں پہلی سے پانچویں جماعت کے لیے لٹریسی، ریاضی اور جنرل نالج کا 30 فیصد جبکہ چھٹی سے آٹھویں جماعت کے لیے سائنس، ریاضی، انگلش کا 50 فیصد کورس مرتب کیا گیا ہے.

نویں، دسویں جماعت کو سائنس، ریاضی، سندھی، انگلش کا 40 فیصد کورس پڑھایا جائے گا جبکہ گیارہویں ،بارہویں جماعت کوسائنس، ریاضی ،انگلش کا 30 فیصد کورس پڑھایا جائے گا.