مسقط: عمان نے یکم اکتوبر 2020 سے بین الاقوامی پروازیں کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے تفصیلی ہدایت نامہ جاری کردیا۔
ٹائمز آف عمان کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ عمان پہنچنے والے تمام مسافروں کے پاس ہیلتھ انشورنس لازمی ہونی چاہیئے جس میں کم از کم 30 دن تک کے لیے کوویڈ 19 اور دوسری بیماریوں کے علاج کے اخراجات شامل ہوں۔
عمان پہنچنے والے تمام مسافروں کا پی سی آر ٹیسٹ ہوگا جس کا رزلٹ آنے میں 1 سے 7 روز لگیں گے، اس دوران مسافروں کو 14 دن کے لیے قرنطینہ میں بھی رہنا ہوگا۔
قرنطینہ کے دوران مسافروں کو ایک الیکٹرانک رسٹ بینڈ پہننا ہوگا تاکہ حکام ان کے محل وقوع کے بارے میں آگاہ رہیں۔
غیر ملکیوں کو عمان میں قیام کے دوران اپنی رہائش کے بارے میں دستاویزات حکام کو دینی ہوں گی، علاوہ ازیں 14 روزہ قرنطینہ کی، جو کسی سرکاری ادارے میں ہوگا، ادائیگی بھی کرنی ہوگی۔