موٹروے زیادتی واقعے پر شوبز شخصیات بھی سراپا احتجاج

282

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)سانحہ موٹر وے زیادتی کیخلاف فنکار بھی سڑکوں پر آگئے،شوبز سے منسلک شخصیات نے منگل کے روزکراچی پریس کلب پر بھرپور احتجاج کیا۔

موٹروے زیادتی کیس کے حوالے سے جہاں عوام میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے اور پوری قوم سراپا احتجاج ہے ، کہیں ایسے ملزمان کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے تو کچھ لوگ ان مجرمان کیلئے دیگر عبرتناک سزاؤں کا بھی کہہ رہے ہیں جب کہ اس حوالے سے حکومت نے بھی قانون سازی کا فیصلہ کیا ہے۔

موٹروے سانحے کیخلاف احتجاج کیلئے کراچی پریس کلب پر جمع ہونے والے شوبز ستاروں نے اپنے جذبات کا اظہار کیا ۔معروف فنکاروں جن میں ماہرہ خان ، ثروت گیلانی ، عائشہ عمر ، اعجاز اسلم ، بشری انصاری ،عدنان صدیقی ، انوشے عباسی ، سارہ خان ، ماہین خان سمیت دیگرنے احتجاج کرتے ہوئے خواتین اور بچوں کے لئے انصاف اور سلامتی کا مطالبہ کیا۔

فنکاربرادری نے ملک میں ہراسگی اورخواتین اوربچیوں سے زیادتی کی بڑھتے ہوئے واقعات کی بھرپور مذمت کی ۔ شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر حکومت وقت سے ایسے واقعات کی بیخ کنی کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے اورخواتین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے مطالبات درج تھے ۔

بعدازاں معروف شخصیات نے اپنے احتجاج کی تصاویر اور پیغامات سوشل میڈیا پر شئیر کیے ۔

واضح رہے کہ تھانہ گجرپورہ پولیس کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب خاتون اپنے بچوں کے ہمراہ لاہور سے گوجرانوالہ جارہی تھی۔

راستے میں پٹرول ختم ہوا تو خاتون نے گاڑی کھڑی کردی۔اس دوران دو نامعلوم افراد آئے اور خاتون کو بچوں سمیت قریبی کھیتوں میں لے گئے۔ملزمان نے بچوں کے سامنے خاتون کا زیادتی کا نشانہ بنایا اورنقدی لے کر فرار ہوگئے تھے ۔