وزیر اعظم سے پی سی بی چیئر مین کی ملاقات آج ہوگی ، اہم فیصلے متوقع

180

 

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرِاعظم پاکستان عمران خان آج اسلام آباد میں پاکستان کرکٹ کے اہم معاملات پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور 3 سابق اور قومی ٹیم کے کپتان سے ملاقات کریں گے۔وزیرِاعظم عمران خان، جو پی سی بی کے پیٹرن انچیف بھی ہیں، سے ملاقات کرنے والے 3 سابق کپتانوں میں وسیم اکرم، مصباح الحق اور محمد حفیظ کے ہمراہ موجودہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی بھی شامل ہیں۔ملاقات کے لیے ٹی 20 کرکٹ میں 2 ہزار رنز اور 50 وکٹ لینے والے بین الاقوامی کرکٹ کے واحد آل رائونڈر محمد حفیظ نے خصوصی درخواست کی تھی۔محمد حفیظ وزیرِاعظم عمران خان سے ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈپارٹمنٹ کرکٹ کے ختم ہونے اور کرکٹرز کے روزگار کے لیے اہم گفتگو کریں گے۔واضح رہے کہ محمد حفیظ اور سابق کرکٹرز کی یہ ملاقات2 ماہ قبل ہونا تھی تاہم کوویڈ 19 اور دورہ انگلینڈ کے سبب نہیں ہوسکی تھی۔محمد حفیظ کے ہمراہ ملاقات میں شریک قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی اور ہیڈ کوچ چیف سلیکٹر مصباح الحق اب بھی سوئی نادردن کے ساتھ منسلک ہیں۔ وسیم اکرم جو وزیرِاعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا حصہ ہیں، وہ آج بھی پی آئی اے میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔احسان مانی کے چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پاکستان میں فرسٹ کلاس کرکٹ سے ڈپارٹمنٹ کرکٹ کو بند کرکے 6 ٹیموں کا فرسٹ کلاس نظام متعارف کروایا گیا تھا۔اس پر گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے خزانے سے لگ بھگ ایک ارب روپے سے زائد کی رقم خرچ ہوگی۔وزیراعظم سے ہونیوالی ملاقات میں محمد حفیظ ساتھی کرکٹرز کے ہمراہ ڈپارٹمنٹ کرکٹ بند ہونے کے سبب کرکٹرز کو روزگار کے حوالے سے پیش آنیوالی مشکلات اور ڈپارٹمنٹ کرکٹ کی بحالی کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔ذرائع کے مطابق کرکٹ کے مستقبل کے حوالے سے ملاقات کو بہت اہمیت دی جارہی ہے۔