پنگریو ،6ماہ بعد کھلنے والے اسکولوں میں طلبہ و اساتذہ کو مشکلات کا سامنا

123

پنگریو( نمائندہ جسارت)پنگریو سمیت ضلع بدین کے مختلف شہروں کے تعلیمی ادارے سیلابی پانی میں ڈوبنے کے باعث طلبہ طالبات اور اساتذہ کو تعطیلات کے بعد پہلے روزہی مشکلات کاسامنا۔ تفصیلات کے مطابق کورونا کے باعث بند کیے جانے والے سندھ کے تعلیمی ادارے 6ماہ20 روز کی تعطیلات کے بعد منگل کے روز سے کھلنا شروع ہوگئے ہیں مگر پنگریواورضلع بدین کے دیگرشہروں میں ہائی اسکولوں کی عمارات سیلابی پانی میں گھرجانے کے باعث طلبہ اور اساتذہ کو درس وتدریس میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول پنگریو اور دیگر ملحقہ شہروں کے ہائی اسکولوں میں بارشوں اور سیلاب کا پانی جمع ہے تعلیمی ادارے کھلنے کے پہلے روز جب طلبہ اور اساتذہ اسکولوں میں گئے تواسکولوں کی عمارات پانی میں گھرنے کے باعث انہیں کلاس رومز اور اسٹاف روم پہنچنے میں شدید دشواریاں پیش آئیں حکومت سندھ کی جانب سے پہلے مرحلے میں ہائی اسکول کھولنے کے اعلان کے باوجودشہری انتظامیہ کی جانب سے ان تعلیمی اداروں سے سیلابی پانی کے اخراج کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے تعلیمی اداروں کی عمارات گزشتہ بیس روز سے زائد عرصے سے سیلابی پانی میں گھری رہنے کے باعث شکستہ ہونا شروع ہوگئی ہے جبکہ مسلسل پانی جمع رہنے کے باعث اس پانی سے تعفن اوربدبواٹھنا شروع ہوگئی ہے۔ عوامی حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ان عمارات سے پانی نہ نکالاگیا تویہ کروڑوں روپے کی عمارات تباہ ہوجائیں گی جبکہ ان حلقوں نے اس معاملے کانوٹس لینے کامطالبہ کیا ہے۔