کے ڈی اے افسران کے قتل کا مقدمہ ملزم حفیظ کیخلاف درج

194

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سوک سینٹر میں کے ڈی اے کے 2افسران کے قتل کا مقدمہ واقعے کے تیسرے زخمی حفیظ کے خلاف درج کرلیا گیا ۔ ملزم نے تبادلے کے معاملے پر مشتعل ہو کر فائرنگ کی اور خود کو بھی زخمی کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو سوک سینٹر میں واقع کے ڈی اے لینڈ ڈپارٹمنٹ کے 2افسران ایڈیشنل ڈائریکٹرلینڈ وسیم رضا اور اسسٹنٹ ڈائریکٹروسیم عثمانی جاں بحق اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر حفیظ زخمی ہوگئے ، بعدازں کے ڈی اے ایک افسر عمران شاہ اور بعض عینی شاہدین نے انکشاف کیاکہ گولی چلانے والا حفیظ ہی تھا جو اپنے ٹرانسفر پر دونوں مقتول افسران سے نالاں تھا۔حفیظ نے خود کوبھی زخمی کیا،فائرنگ سے قبل تینوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی جس میں حفیظ نے سوال کیاکہ اس کا تبادلہ کیوں کیا اس کا کہناتھاکہ15 سال سے تعینات ہوں ، کہیں نہیں جاؤں گا، ذرائع کے مطابق عبدالحفیظ 15 سال سے اسکیم 33 میٹروول میں تعینات تھا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر وسیم رضا نے اس کا اسکیم 33 سے تبادلہ کردیا تھا ۔ تبادلے کی وجہ زمینوں کے معاملات میں ہیراپھیری اور رقم وصولی نہ بتلانا تھی۔ تبادلہ رکوانے کے لیے عبدالحفیظ نے پہلے 2 روز تک مقتولین کی منتیں کیں۔ بات نہ بنی توحفیظ دھمکیوں پر اتر آیا،منگل کوبھی یہی مسئلہ زیر بحث آیا تو بات نہ ماننے پر عبدالحفیظ نے گولیاں چلا دیں۔ ادھر ملزم حفیظ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ کافی عرصے سے دونوں افسران سے کام مانگ رہا تھاجو نہیں دے رہے تھے۔ متعدد بار کام نہ دینے پر وہ پریشان تھا پستول گھرسے لایا تھا،کمرے میںتلخ کلامی کے بعد دونوں نے اس کو پکڑنے کی کوشش کی تواس پستول نکال لی، دونوں افسران ہاتھ پائی تو گولیاں چل گئیں، اندازہ نہیں تھا کہ اتنے فائر ہوجائیںگے۔