آگ لگنے کے پے در پے واقعات،پشاور بی آر ٹی سروس معطل

157

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور میں بی آر ٹی کی ایک اور بس میں آگ لگ گئی جس کے باعث بس سروس معطل ہو گئی ۔ ترجمان ٹرانس پشاور کا کہنا ہے واقعے کے بعد تمام اسٹیشنزعارضی طور پر بند رہیں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد کے قریب فیڈرروٹس پر بی آرٹی پشاور کی ایک اور بس میں آگ لگ گئی تاہم ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر آگ پرقابو پا لیا۔ جبکہ آگ لگنے کے واقعہ میں تمام مسافرمحفوظ ہیں۔ترجمان ٹرانس پشاور نے کہا کہ بی آر ٹی کی تمام بسوں کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا، مسافروں کی حفاظت ادارے کی ترجیح ہے، بس بنانے والی کمپنی کی ٹیم مفصل انداز میں تمام بسوں کا جائزہ لے گی جبکہ بی آر ٹی کی 2 بسوں میں لگنے والی آگ کی وجوہات پر تفتیش جاری ہے۔ترجمان نے کہا کہ مزید تمام بسوں کی جامع تحقیقات اور انسپیکشن کی جائے گی اور بی آر ٹی کی ہر بس کو تکنیکی اعتبار سے مکمل کلیئرکرنے کے بعد بحال کیا جائے گا، شہریوں و مسافروں کے وسیع تر مفاد میں یہ فیصلہ لیا گیا۔