کارکنان عام آدمی کی عزت و آبرو کی حفاظت کیلیے باہر نکلیں

134

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)پنجاب میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور موٹر وے پر خاتون کے ساتھ ہونے والے لرزہ خیز واقعے کے خلاف لاہورمیں وزیر اعلیٰ ہاؤس ہونیو الے عوامی احتجاجی دھرنے میں فیصل آبادسے جے آئی یوتھ کے کارکنان بڑے قافلے کی صورت میں ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر،جماعت اسلامی کے ضلعی امیر انجینئرمحمدعظیم رندھاوا،جنرل سیکرٹری یوتھ راشدمحمود،نائب صدور محمدعمرفاروق،سلیم انصاری، احسان الٰہی ظہیراوردیگرکی قیادت میں شرکت کریں گے۔ تمام زونل صدوراپنے اپنے علاقوںسے قافلوںکی سرپرستی کریں گے اورساڑھے گیارہ بجے وزیراعلیٰ ہاوس کے سامنے احتجاج میں شریک ہوں گے۔جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہا ہے کہ تمام کارکناںحکومت کی بے حسی اور عام آدمی کی عزت و جان و مال اور آبرو کی حفاظت کے لیے باہر نکلیں۔ یہ ہمارا قومی فریضہ ہے۔ پنجاب بھر میں بد امنی اورلاقانونیت کی انتہا ہو چکی ہے۔ لاہور موٹر وے اور تونسہ میں خواتین کی بے حرمتی، صوبائی حکومت کی نااہلی اور نالائقی کا کھلا ثبوت ہے۔ حکمران اگر عوام کو امن و انصاف اور تحفظ فراہم نہیں کرسکتے تو انہیں بر سر اقتدار رہنے کا بھی کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت لاہوراورفیصل آباد جیسے بڑے شہروں کی سڑکیں غیرمحفوظ ہوچکی ہیں۔ وزیر مواصلات اپنی نااہلی اور ناکامی چھپانے کے لیے ڈھٹائی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہیں چاہیے کہ فوری استعفیٰ دیں۔ تحریک انصاف کے دور حکومت میں عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادتی کیس کا ٹرائل سپیڈی ہونا چاہیے تاکہ کوئی شخص دوبارہ اس گھناؤنے جرم کا ارتکاب کرنے کی جرأت نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری فرسودہ نظام میں موجودہ سقم سے فائدہ اٹھا کر مجرمان بچ نکلتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلامی سزاؤں کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے یہ خواتین کی عفت و عصمت کا تحفظ، معاشرے میں اصلاح اور جرائم کے خاتمے کے لیے ضروری ہے۔ اسلامی نظام ہی ہمارے مسائل کا واحد حل اور تحفظ کا ضامن ہے۔