سانحہ موٹر وے‘ مجرموں کی عدم گرفتاری‘جماعت آج دھرنا دیگی

122

لاہور(نمائندہ جسارت) سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف نے کہاہے کہ جماعت اسلامی پنجاب حکومت کی نااہلی ، بے حسی ، بدانتظامی کے خلاف اور قوم کی بیٹیوں اور معصوم بچوں کی عزت و تحفظ کے لیے آج وزیراعلیٰ ہائوس کے سامنے عوامی احتجاجی دھرنا دے گی ۔ دھرنے کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کریں گے ۔ سیکرٹری
جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، نائب امیر لیاقت بلوچ ، وسطی پنجاب کے امیر جاوید قصوری اور لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہد دھرنے کے شرکا سے خطاب کریں گے ۔ قیصر شریف نے کہاکہ بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات قوم کے لیے لمحہ فکر ہیں ان واقعات کی وجہ سے ملک بھر میں شدید خوف و ہراس اور سراسمیگی پائی جاتی ہے ۔ لاہور میں خاتون کے ساتھ زیادتی کے مجرم 10 دن گزرنے کے باوجود نہیں پکڑے جاسکے ۔ انہوںنے کہاکہ جب تک ان درندوں کو سرعام پھانسی پر نہیں لٹکایا جاتا ، ان واقعات پر قابو نہیں پایا جاسکتا ۔