یکساں نصاب ونظام تعلیم کی پالیسی سرا سر فراڈ ہے ،لیاقت بلوچ

117

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ریاست کی ذمے داری ہے کہ نظام تعلیم آئین کی رہنمائی میں قرآن و سنت کے مطابق بنایا جائے۔ عمران خان سرکارکی یکساں نظام اور نصاب کی تعلیمی پالیسی سراسر فراڈ ہے ۔ تعلیم ، معاشرت ، معیشت اور طرز سیاست میں مغرب و اغیار کی نقالی قومی وقار کو تباہ کر رہی ہے ۔والدین اولاد کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں ۔ پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ ملک مرحوم کے تعزیتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ انسان کی کامیابی اللہ کی رضا میں ہے ۔ نیک اعمال کے ساتھ زندگی گزارنے والوں کو موت امر کر دیتی ہے ۔ پاکیزہ اخلاقی تربیت ہی سماجی اور خاندانی وقار کا ذریعہ بنتی ہے ۔ علاوہ ازیں تلہ گنگ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان پنجاب کو ذاتی جاگیر بنا رہے ہیں ۔ پنجاب حکومت عمران خان کی جیب کی گھڑی ہاتھ کی چھڑی ہے
۔ بلکسر انٹر چینج سے میانوالی تک سڑک مرکزی شاہراہ ہے ۔ وزیراعظم کا حلقہ انتخاب اور گزر گاہ ہے لیکن سڑک تباہ حال ہے ۔ حکمران ہیلی کاپٹر پر ،عوام ٹوٹی سڑک پر خوار ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کی ترجمان اور اپوزیشن کی منظم اور متحرک جماعت ہے ۔ ہم سیاست میں ذاتی مفادات نہیں ، اسلامی اور قومی مفادات کے پاسبان ہیں ۔ عالم اسلام کے انتشار اور پاکستان کے نظام کو قیام پاکستان کے مقاصد سے دور کر کے نفرتوں ، تعصبات ، بے حیائی ، اخلاق باختگی کو فروغ دیا گیا ہے ۔ لاہور موٹر وے پر خاتون کا المناک واقعہ اخلاقی زوال ، حکومتی ناکامی اور پولیس نظام کی تباہی کا منظر پیش کر رہاہے ۔