بھارت جارحانہ طرز عمل کی وجہ سے عالمی فورمز میں ساکھ کھو رہا ہے،شاہ محمود

109

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت اپنے جارحانہ طرز عمل کی وجہ سے عالمی فورموں میں اپنی ساکھ کھو رہا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے قومی سلامتی کے مشیروں کے گزشتہ روز کے اجلاس میں پاکستان کے سیاسی نقشے پر بھارتی اعتراض مسترد کردیا گیا جس سے بھارت کی رسوائی ہوئی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ روس نے بھی اجلاس کے میزبان کی حیثیت سے بھارت کے موقف کو تسلیم نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے دوطرفہ مسئلے کو اٹھا کر شنگھائی تعاون تنظیم کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر عالمی مسلمہ متنازع علاقہ ہے اور اس مسئلے پر اقوام متحدہ کی قراردادیں بھی موجود ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ چین نے لداخ سے متعلق معاملات مذاکرات سے حل کرنے کی بھارت کو بار بار پیشکش کی لیکن بھارت نے جارحانہ رویہ اختیار کیا اور پھر رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے بھارتی جارحیت کا جواب دیا۔