بی آر ٹی سروس معطل

276

پشاور میں ریپڈ بس ٹرانزٹ (بی آر ٹی) بس سروس ایک ماہ بعد ہی معطل ہوگئی۔

بسوں میں آگ لگنے کے واقعات اور تکنیکی خرابیوں کے باعث بی آر ٹی سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

تیرہ اگست کو وزیراعظم عمران خان نے بی آر ٹی کا افتتاح کیا تھا اور ایک ماہ کے دوران بسوں میں آگ لگنے کے 4 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔

ستر ارب روپے کی لاگت سے طویل عرصے بعد بننے والے بی آر ٹی سروس میں تعطل پر شہری سخت نالا ں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ کیا بس سروس ایک ماہ کے لیے تھی؟

بی آرٹی کو چلانے والی انتظامی کمپنی ٹرانس پشاور کے ترجمان محمد عمیر نے ایک بیان میں کہا کہ بدھ کو بی آرٹی بس میں ’معمولی چنگاری‘ لگنے کا واقعہ پیش آیا تاہم آگ پر جلد ہی قابو پا لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق تمام بسوں کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا کیونکہ مسافروں کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔

دوسری جانب چین سے متعلقہ بس کمپنی کے حکام پشاور پہنچ چکے ہیں جو تکنیکی خرابیوں اور آگ لگنے کے واقعات کا جائزہ لے کر اس کے سدباب کے لیے اقدامات کریں گے۔