ٹیکنالوجی کے بغیر ہم ترقی نہیں کر سکتے، وفاقی وزیر

192

سکردو: وفاقی وزیر فواد چودہری نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے بغیر ہم ترقی نہیں کر سکتے، 80ء کی دہائی میں مدرسے تو بہت بنائے مگر جدید تعلیم کے فروغ پر توجہ نہیں دی۔

تفصیلات کے مطابق سکردو میں پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ میں ایک تقریب سے خطاب میں وفاقی  وزیر نے کہا کہ آج ہماری کوششوں سے پاکستان چوتھا فری لانس سافٹ وئیر ایکسپورٹر بن گیا ہے،  نوجوانوں پر مستقبل کا انحصار ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ صرف آلو مٹر کاشت کرکے اکانومی بہتر نہیں ہو سکتی، ہمیں ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ میں ملازمت کے مواقع سکڑ رہے ہیں، پبلک سیکٹر پر زیادہ انحصار ہوتا جا رہا ہے جبکہ گلگت بلتستان میں مائیننگ کے بڑے ذخائر ہیں، اس پر توجہ دے رہے ہیں اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے تھائی لینڈ دلچسپی رکھتا ہے۔

فواد چودھری نے کہا کہ 26 فروری کو کورونا کا جب پہلا کیس سامنے آیا تب ہم ماسک بھی نہیں بنا رہے تھے مگر آج پاکستان آج انسداد کورونا کے آلات برآمد کرنے والے ایشیا کا بڑا ملک ہے جبکہ  بیلجئیم اور فرانس کو بھی ہم ماسک اور سینٹائزر ایکسپورٹ کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ انٹرنیٹ کے باعث معیاری تعلیم اب مسئلہ نہیں رہا، تاہم گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ کی سروس بہتر نہیں، یہاں تیز ترین 4جی کی فراہمی یقینی بنائیں گے اور 10 جدید سکولوں کی تعمیر کریں گے۔