راولپنڈی(اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ بھارت پاکستان میں سنی شیعہ فسادات کا متمنی تھا ،سازش بے نقاب ہوئی اور لوگ پکڑے گئے ، یہ لوگ راولپنڈی ا سلام آباد کے سنی و شیہ علماء کو شہید کرنا چاہتے تھے ،تاکہ اس ملک میں ایک آگ لگے،ملک میںسنی شیعہ اتحاد قائم ہے اور رہے گا ،ایف اے ٹی ایف بل کی منظوری بڑی کامیابی ہے حکومت نے سودے بازی نہیں کی ،منی لانڈرنگ بل پر سرنڈر نہیں کیا ،نیب کیسز میں جھکائو نہیں کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ریلوے اسپتال میں 40کروڑ روپے کی لاگت سے نئے ایمرجنسی بلاک کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف بل کی مخالفت کی ،20ستمبر کو اپوزیشن اپنے سے بڑا کوئی فیصلہ نہیں کرے گی ،،کل 38ممبر ان کم تھے اور ان کو اتنا رگڑا لگا کہ جو بل نہیں بھی منظور ہونے والے تھے وہ بھی کل حکومت نے کروا لیے، شاہد خاقان نے ترمیم داخل کرائی تھی وہ بول سکتے تھے لیکن انہوں نے دیگر باتوں پر توجہ دی۔ انہوں نے کہا کہ کل قومی اسمبلی میں شہبا زشریف نے کوئی ایسی غلط بات نہیں کی بلکہ انہوں نے اسپیکر کا بھی احترام کیا اور کل پیپلز پارٹی زیادہ ایکٹو تھی لیکن شام کو میری شہباز اور بلاول سے ملاقات ہوئی، نواز شریف میں جرات نہیں ہے ،یہ جیلیں نہیں کاٹ سکتے، معافی مانگ کر سعودی عرب جانے والے اب بھی کسی معافی کی تلاش میں ہیں لیکن کل این آر اوکو ہمیشہ کے لیے پاکستان میں دفن کردیا گیاہے ۔