حیدرآباد: کوٹری سے اغوا ہونیوالی بچی کراچی سے بازیاب،ملزم گرفتار

103

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پولیس کی مختلف کارروائیوںمیں اغواکار ، منشیات فروش سمیت 5ملزمان کو دھرلیا گیا، گلشن فرید الٰہی میں حیسکو ملازم کے اہلخانہ کو یرغمال بنا کر ڈکیت لاکھوں روپے نقدی، 6تولہ سونا،کار، موٹرسائیکل اور موبائل فونز لوٹ کر فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او کوٹری قربان عاقلانی کی سربراہی میں خفیہ اطلاع پر کراچی کے علاقہ ملیر میں
چھاپا ماکر کوٹری سے اغوا ہونے والی کمسن بچی کو بازیاب کروالیاجبکہ ایک ملزم لیاقت کو گرفتار کیا گیاجسے آج جامشوروعدالت پیش کیا جائے گا۔دوسری جانب جی او آر پولیس نے دوران پیٹرولنگ کاؤنٹی اسکول کے قریب سے منشیات فروش کامران کو 4 بوتلیں شراب سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیاجبکہ فورٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تھانہ بی سیکشن کو مطلوب ملزم محمد عرفان کو گرفتار کرلیا۔ٹنڈو جام پولیس نے دوران پیٹرولنگ کسانہ موری ابڑو موڑ کے قریب سے موٹرسائیکل پر سوار منشیات فروش خالد بروہی کو گرفتار کرلیا،ملزم کے قبضے سے 10 لیٹر کچی شراب برآمدکرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مزید کارروائی کے دوران ٹنڈو قیصر لنک روڈ مغل کوٹ کے قریب سے منشیات فروش محمد بلال عرف ٹنگو شاہ کو 3 کلو 900 گرام چرس سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔علاوہ ازیںپنیاری تھانے کی حدود گلشن فرید الٰہی میں حیسکو کے ملازم نجم شیخ کے گھر پر 4مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پر اہلخانہ کو یرغمال بناکر گھر میں موجود 8لاکھ 25ہزار نقدی و پرائز بونڈ ،6تولہ سونا،3موبائل فون، گھر میں کھڑی کار ،موٹر سائیکل لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے۔