مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے یورپی یونین کردار اداکرے،وزیر خارجہ

77

اسلام آباد ( آن لائن) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں روکنے اور کشمیری عوام کو تکالیف سے نجات دلانے کے لیے یورپی یونین کوکردار ادا کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یورپی یونین کی سفیر آندرولا کمینارا سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں
پاکستان اور یورپی یونین نے تمام شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے کورونا بحران کی روک تھام میں یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کی مدد کو سراہا۔ ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات کی موجودہ کیفیت پر تبادلہ خیال کیاگیا اور ان تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے کے لیے طریقوں پر غور کیاگیا۔ تمام شعبہ جات میں باہمی اشتراک عمل بڑھانے کے لیے اسٹرٹیجک انگیجمنٹ پلان (ایس۔ای۔پی) کو فعال بنانے سے آگے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔