الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب کے تحت مقابلہ مضمون نویسی اور فن مصوری کا انعقاد

114

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب کے زیر اہتمام الخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت زیرِ کفالت بچوں کے مابین مقابلہ مضمون نویسی اورفن مصوری منعقد کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہی ہے، ہمارا مشن ہے کہ ان چراغ جیسے بچوں سے ایسا پاکستان بنائیں جسکی تعبیر قائداعظم نے سوچی تھی۔ تقریب میںصدرالخدمت فاؤنڈیشن محمد عبدالشکور،اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل احمد جمیل راشد، نیشنل ڈائریکٹر آرفن فیملی سپورٹ پروگرام بریگیڈیئر (ر)عبدالجبار بٹ،صدر الخدمت وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی، صدر الخدمت وومن ونگ کلثوم رانجھا،وائس چیئرمین وومن چیمبر آف کامرس شگفتہ رحمٰن اور دیگر الخدمت ذمہ داران سمیت یتیم بچوں کی ماؤں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں بچوں نے کورونا وائرس کی ملک گیر صورت کے دوران الخدمت رضاکاروں، ڈاکٹروں، پیرامیڈیکس اور سکیورٹی اداروں کی خدمات پر خوبصورت تصاویر بنائیں۔ اسی طرح مضمون کا موضوع کورونا وائرس کے ماحول پر منفی اور مثبت اثرات تھا۔مقابلہ فن مصوری میں لاہور سے زینب علی نے پہلی، فیصل آباد سے فاطمہ رباب نے دوسری اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے سیدہ قندیل فاطمہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اسی طرح مضمون نویسی کے مقابلے میں لاہور سے عائشہ یعقوب نے پہلی، گوجرانوالہ سے المیرہ شہزادی نے دوسری جبکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے شہزاد احمد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریب کے اختتام پر پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں اور ان کے ایف ایس اوز کونقد انعامات سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ بیوہ خواتین میں سلائی مشینیں بھی تقسیم کی گئیں۔