ای او بی آئی کے چئیرمین سمیت تمام افسران اپنا قبلہ درست کریں،این ایل ایف

121

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) EOBI کے چیئرمین سمیت تمام افسر اپنا قبلہ درست کریں اور محنت کشوں کے ساتھ دوستانہ رویہ اختیار کریں ان کے تمام عیش و عشرت ان محنت کشوں کے خون پسینے کی کمائی سے ہی جاری و ساری ہیں لیکن یہ محنت کش ہی جب بڑھاپے کی عمر کو پہنچتے ہیں جب خواتین اپنے سر کا تاج کھو بیٹھتی ہیں اور بچے یتیمی کا دکھ برداشت کررہے ہوتے ہیں ان دنوں میں EOBI کی پنشن ان کے لیے ایک بڑا سہارا ہوتی ہے لیکن تقریباً تما م ریجن خصوصاً حیدر آباد ریجن کے افسروں کا رویہ محنت کش دشمنی پر مشتمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے سیکرٹری شکیل احمد شیخ، حیدر آباد زون کے جنرل سیکرٹری اعجاز حسین اور دیگر رہنمائوں نے حیدر آباد پریس کلب پر EOBI حیدرآباد ریجن کے ستائے ہوئے محنت کشوں، بیوائوں اور یتیم بچوں کے ایک مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شکیل احمد شیخ نے کہا ہے EOBI ایک مزدور دوست ادارہ ہے، جس پر مفاد پرستوں کا قبضہ ہوگیا ہے اور وہ اپنے مفاد پرستی میں اتنے اندھے ہوچکے ہیں کہ انہیں غریب بوڑھے، بیوائوں اور یتیم بچوں پر بھی ترس نہیں آتا اور انہیں پنشن جاری کرنے کے بجائے دفتروں کے دھکے کھانے پر مجبور کرتے اور کھلے عام فرمائشیں کرتے ہیں۔ اعجاز حسین نے کہا کہ حیدر آباد ریجن میں مفاد پرستوں کا ٹولہ سرمایہ داروں کا آلہ کار بنا ہوا ہے۔ محنت کشوں کی مکمل رجسٹریشن نہیں کرائی جارہی، چندہ وصولی میں غفلت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے، فیکٹریوں کی بندش، غریب محنت کشوں کا جرم بن چکی ہیں جو بھی محنت کش کسی بند فیکٹری کا سروس سرٹیفکیٹ اور ثبوت جمع کرواتا ہے تو یہ حکام اسے تسلیم کرنے کے بجائے مسترد کردیتے ہیں اور محنت کشوں کو پنشن جاری کرنے سے کھلے عام انکار کردیتے ہیں۔ اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن کے ذمے داران نے مشیر وزیر اعظم پاکستان برائے بیرون ملک پاکستانی اور ہیومن ریسورسس ڈیولپمنٹ ذولفقار علی زلفی بخاری سے اپیل کی ہے کہ وہ انصاف کے اس دور میں محنت کشوں کے ساتھ ہونے والے اس ظلم اور زیادتی کا نوٹس لیں اور EOBI کے چیئرمین سمیت تمام افسران کو واضح احکامات جاری کریں کہ وہ پنشن کلیم پر غیر ضروری اعتراضات لگانے اور تاخیری حربے استعمال کرنے سے گریز کریں۔ بصورت دیگر NLF اس زیادتی کیخلاف ملک گیر سطح پر سطحی احتجاج بلند کرے گی۔