نوابشاہ، پابندی کے باوجود بلدیہ میں ملازمت کے خواہشمند آج طلب

119

نوابشاہ (نمائندہ جسارت) ملازمتوں پر عائد پابندی کے باوجود میونسپل کمیٹی نوابشاہ میں مختلف اسامیوں پر امیدواروں کو انٹرویو کے لیے سابق چیئرمن میونسپل کمیٹی نے آج طلب کرلیا، مختص اسامیوں پر منظور نظر افراد کی بھرتی کے لیے مخصوص اخبارات میں سابق چیئرمین کے دستخط سے انڑویو کے لیے اشتہارات جاری کیے گئے۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اور میونسپل آفیسر کا آج میونسپل کمیٹی میں ہونے والے انٹرویو سے لاعلمی کا اظہار، سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی عظیم مغل نے مدت پوری ہونے پر عہدے سے سبکدوشی اور ملازمتوں پر عائد پابندی کے باوجود آخر کس اختیار کے تحت رواں ماہ اخبارات میں ملازمتوں سے متعلق اشتہارات شائع کراکے مختلف اسامیوں پر امیدواروں کو بھرتی کے لیے طلب کیا ہے۔ یہ ارباب اختیار اور تحقیقاتی اداروں کے لیے ایک سوالیہ نشان ہے۔ ذرائع کے مطابق انٹرویو کے لیے طلب کردہ امیدواروں نے اشتہارات کے اجرا سے پہلے ہی گزشتہ ماہ ملازمت کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرا دیں تھیں۔ آج ہونے والے انٹرویو فرضی کارروائی ہیں۔ تاہم گزشتہ پانچ سال سے یومیہ اجرت پر عارضی ملازمین کی حیثیت سے بلدیہ نوابشاہ کے 300 ملازمین کا کہنا ہے کہ خاموشی سے ہفتہ پہلے شائع کردہ اشتہارات کی بنیاد پر من پسند افراد کو بھرتی کرنے کی سازش ہمارے ساتھ نا انصافی ہے۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران نئی بھرتی کے بجائے پہلے عارضی ملازمین کو مستقل کریں اور اختیارات سے محروم چیئرمین عظیم مغل کی بدنیتی اور اقربا پروری کا نوٹس لیتے ہوئے خلاف قانون بھرتی کو روکنے میں چیف سیکرٹری سندھ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نوٹس لے کر بھرتی کی منسوخی سے متعلق احکامات جاری کریں۔