پنگریو، ڈیوٹی میں غفلت پر 4 پولیس افسران کے انکریمنٹ بند

73

پنگریو (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی بدین کی جانب سے پولیس افسران و جوانوں کے مسائل سننے اور سزا و جزا کے حوالے سے اردلی روم کا انعقاد کیا گیا، ایس ایس پی بدین شبیر احمد سیٹھار کے احکامات پر ایس پی آفس بدین میں پولیس افسران و جوانوں کے مسائل سننے اور سزا و جزا کے حوالے سے اردلی روم کا انعقاد کیا گیا۔ اردلی روم میں پولیس ہیڈ کوارٹر سمیت مختلف تھانوں میں تعینات پولیس کے افسران و جوانوں نے ایس ایس پی بدین کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ جس پر ایس ایس پی نے جائز مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے احکامات صادر کیے جبکہ کوتاہی و غفلت برتنے والے پولیس آفیشلز کی سرزنش اور محکماتی سزائیں دی گئیں۔ نیز کچھ کو تنبیہ کی گئی اور شوکاز نوٹسز فائل کیے گئے۔ ایس ایس پی نے ڈیوٹی میں کوتاہی اور غفلت برتنے پر 4 پولیس افسران کی 2،2 سالا انکریمنٹ روک دی، 6 افسران کو تنبیہ جبکہ ایس ایچ او تھانہ نندو سب انسپکٹر فضل الدین کھٹی کو جرائم پر قابو نہ پانے کے باعث معطل کر کے پولیس لائن روانہ کردیا، جبکہ 10 پولیس اہلکاروں کو تنبیہ، 2 اہلکاروں کی ایک ایک سال کی انکریمنٹ روک دی، 2 پولیس اہلکاروں پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ ایس ایس پی بدین نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ پولیس کی ملازمت عین عبادت ہے، لہٰذا اپنے فرائض ایمانداری اور خلوص کیساتھ ادا کریں۔ فرائضِ منصبی کی ادائیگی میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔