حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف ضلع حیدر آباد کے صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت بارش اور سیلاب متاثرہ افراد کی امداد کرنے کے بجائے نمائشی دورے کرکے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ بارشوں میں سب سے زیادہ میرپور خاص ڈویژن میں تباہی ہوئی ہے، لاکھوں کی تعداد میں متاثرہ افراد آسمان تلے سڑکوں پر پڑے ہیں لیکن سندھ حکومت نے انہیں نہ تو امدادی سامان دیا ہے اور نہ ہی ان کی بحالی کے لیے کوئی عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ جبکہ صوبائی بجٹ میں ہر سال آفت زدہ علاقوں کے لیے خطیر رقم رکھی جاتی ہے لیکن اس رقم کا بیشتر حصہ وزراء اور کرپٹ بیورو کریٹس کی لوٹ مار کی نذر ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے سندھ میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ریسکیو کا کوئی مؤثر ادارہ نہیں ہے اور نہ ہی اس حوالے سے حکومت کچھ کرنے کو تیار ہے۔ ہر دو سے تین سال بعد شدید بارشوں اور سیلاب سے لاکھوں افراد متاثر ہوتے ہیں اور وہ اپنی مدد آپ کے تحت اپنے جینے کے لیے انتظامات کرلیتے ہیں لیکن حکومت ٹیکس تو وصول کرتی ہے پر اپنے عوام کو سہولیات دینے کو تیار نہیں ہے۔ کراچی اور حیدر آباد میں بھی اسی طرح کی صورتحال ہے، پہلے ہی کورونا وائرس سے لوگ بری طرح متاثر ہوئے ہیں اوپر سے اس صورتحال میں انہیں مزید مشکلات میں مبتلا کردیا ہے۔