بھارت تحریک آزادی کشمیر کو نہیں دبا سکتا، علی امین

115

اسلام آباد ( آن لائن) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہبھارت مظالم کے باوجود تحریک آزادی کو نہیں دبا سکا، حکومتی کوششوں سے مسئلہ کشمیر پر بھارت کو تمام سفارتی فورمز پر شکست ہو ئی۔جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ
حکومت کی کوششوں کی وجہ سے بین الاقوامی برادری میں کشمیریوں کے حقوق سے متعلق آگاہی میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور انسانی حقوق کے ادارے اور انٹر نیشنل میڈیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو مسلسل بے نقاب کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی موثر پالیسی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پر بھارت کو تمام سفارتی فورمز پر شکست ہو رہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایس سی او سمٹ ہو یا پھر اقوام متحدہ، بھارت کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالنے کی تمام کوششیں ناکام ہو چکی ہیںاور مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور کشمیریوں کی حمایت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کرانے کے ضمن میں بھارتی مذموم کوششوں کا فوری روک تھام کروانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کے ان مذموم ہتھکنڈوں سے بخوبی واقف ہیںاور وہ اپنے عزم اور جدوجہد سے بھارتی مذموم منصوبوں کو ناکام بنائیں گے۔