حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا کے نائب صدر ڈاکٹر شاہد رفیق نے کہا ہے کہ انسانیت کی کامیابی اللہ کی کامل بندگی میں ہے، دین میں ظاہری سے زیادہ اہمیت باطنی پہلو کی ہے، ٹوٹ کر اللہ کی اطاعت عبادت کا جسمانی پہلو ہے اور اللہ سے ٹوٹ کر محبت عبادت کی روح ہے۔وہ ہولم اسٹیڈ ہال پکا قلعہ میں الخدمت فائونڈیشن کے رہنما محمد سلیم
خان کی رہائشگاہ پر خصوصی لیکچر پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر شاہد رفیق نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے گہری محبت عبادت کی روح ہے اس کے بغیر عبادت بے جان ہے وہ برکات پیدا نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ صدیوں سے ہمارا مزاج بن گیا ہے کہ سارا زور دین کے ظاہری پہلوئوں پر رہتا ہے،ہم ہر چمکتی شے کے پیچھے بھاگتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اخلاص کی طاقت عبادات میں روح پیدا کرتی ہیں اس پر زیادہ توجہ کی ضرورت ہے۔