سندھ میں چھٹی تا آٹھویں تک اسکولز نہ کھولنے کا اعلان

331

وزیرتعلیم سندھ  سعید غنی نے21 ستمبر سے چھٹی تا آٹھویں تک اسکولز نہ کھولنے کا اعلان کر دیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ 21 ستمبر سے اسکولز کھولنے کے دوسرے مرحلے کو مؤخر کردیا گیا ہے اور اب چھٹی، ساتویں اور آٹھویں کے لیے اسکولز 21 ستمبر سے نہیں کھولے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے یہ فیصلہ 28 ستمبر تک مؤخر کیا ہے اور اس کے بعد بھی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو آگے فیصلہ کریں گے۔

سعید غنی نے  کہا کہ سندھ حکومت صوبے کے بچوں کی صحت پرکوئی سمجھوتا نہیں کرے گی،کوئی صوبہ اپنے تمام طالب علموں کوآن لائن تعلیم کی سہولت نہیں دے سکتا۔

صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ اسکولوں کی انتظامیہ لاپرواہی کرے گی توکارروائی کریں گے، احساس ہورہا ہے کہ بچوں کی تعلیم اور ایجوکیشن انڈسٹری کونقصان ہورہا ہے، اگرایس اوپیزپر عمل نہ کرایا جاسکا تو اسکولوں کے حوالے سے فیصلے پر نظرثانی کرسکتے ہیں۔