اسلام آباد: سوشل میڈیا صارفین کی سائبر سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے اقدامات پر ایف آئ اے سائبر کرائم اور فیس بک انتظامیہ کے درمیان تبادلہ خیال کیاگیا ہے۔
سماجی ویب سائٹ کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے سوشل میڈیا جرائم سے نمٹنے کے لیے فیس بُک انتظامیہ سے ڈیٹا شئیرنگ کا معاہدہ کرلیا ہے اور فیس بُک انتظامیہ نے سائبر کرائم کے خاتمے کے لیے ایف بی آئی کی پالیسی کے مطابق تعاون کی حامی بھرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیس بُک انتظامیہ کے ساتھ معاہدہ ویبنار میٹنگ پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ڈائریکٹر عامر فاروقی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر عبدالقادر قمر نے کیا ہے اور اس معاہدے سے صارفین کی سائبر سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اقدامات اور سوشل میڈیا سے متعلقہ جرائم سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق 31جنوری2020 کے آخر تک مجموعی طور پر 1325 سائبر کرائمز پر مقدمات درج ہوئے ہیں جبکہ 5 سالوں میں صرف 14 سائبر جرائم پیشہ افراد کو سزا دی گئی ہے۔