پاکستان ریلوے کی 16 ٹرینیں نجی شعبے کو دینے کا فیصلہ

366

کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری) پاکستان ریلوے کی 16 ٹرینیں نجی شعبے کو دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، کراچی کی 4 ٹرینیں بھی شامل ہیں۔ اس بارے میں ریلوے کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق کراچی تا لاہور چلنے والی شالیمار ایکسپریس سمیت کراچی تا راولپنڈی سرسید ایکسپریس، مہران ایکسپریس، شاہ لطیف ایکسپریس اور دیگر شہروں سے چلنے والی 12 ٹرینیں شامل ہیں۔

اس سلسلے میں ایک ہفتے میں ٹینڈر جاری کردیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق نجی شعبہ صرف ان ٹرینوں کے ٹکٹ فروخت کریگا جبکہ ٹرینوں کے انجن، کوچز اور تیل ریلوے کا ہی استعمال ہوگا۔ ذرائع کے مطابق کراچی سے چلنے والی چاروں ٹرینیں منافع بخش ہیں خاص کر مہران اور شاہ لطیف ریکارڈ ریونیو فراہم کرتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ٹرینوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کا فیصلہ چیف کمرشل آفیسر اور چیف مکینکل انجینئر کیرج اینڈ ویگن نے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی ہدایت پر جنرل منیجر و چیف ایگزیکٹو آفیسر نثار میمن کی مشاورت سے کیا۔

اہم بات یہ ہے کہ ریلوے کی جانب سے ماضی میں منافع بخش بزنس ٹرین بھی 4 اسٹار نامی کمپنی کو دی تھی جس کا کام روزانہ کی بنیاد پر ریونیو جمع کرانا تھا لیکن یہ کمپنی ایک ارب 80 کروڑ روپے کی ڈیفالٹر ہوکر چلی گئی اور معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔ 4 اسٹار کمپنی نے صرف ایک سال ریونیو جمع کرایا تھا۔

ذرائع کے مطابق ایک جانب تو حکومت ایم ایل ون جیسا منصوبہ شروع کررہی ہے۔ دوسری جانب ٹرینوں کی نجکاری کررہی ہے۔