بدین،نشیبی علاقے اور قبرستان تاحال زیر آب،تدفین میں مشکلات

104

بدین (نمائندہ جسارت) نشیبی علاقے اور قبرستان تاحال زیرآب، بارش کے پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی، مرنے والوں کے کفن دفن، غسل، جنازہ اور تدفین میں مشکلات کا سامنا۔ بدین شہر سمیت ضلع بھر کے نشیبی علاقوں، آبادیوں، قبرستانوں میں تاحال بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث شہریوں کو اپنے پیاروں کے غسل، کفن دفن، نماز جنازہ کی ادائیگی اور تدفین میں سخت پریشانی، مشکلات اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گزشتہ روز ے اسٹیج فنکار اور مشہور ڈانسر یعقوب لچک شیدی کے انتقال پر ان کے گھر، محلے اور گلی میں بارش کا پانی کھڑا ہونے کے باعث غسل، کفن دفن، میت کو قبرستان لے جانے اور نماز جنازہ میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مرحوم کی میت کو پہلے غسل کے لیے سوگواروں نے گندے پانی سے گزار کر دوسری جگہ منتقل کیا پھر ایمبولینس کے ذریعے باہر لے جایا گیا۔ محلے، گلی اور گھر کے اندر پانی موجود ہونے کی وجہ سے تعزیت اور افسوس کے لیے آنے والوں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اہل علاقہ اور شہریوں نے علاقے سے بارش اور سیوریج کے پانی کی نکاسی نہ ہونے پر شاہ نواز چوک پر میونسپل کمیٹی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دے کر روڈ بند کردیا۔ مظاہرین کے مطابق میونسپل انتظامیہ کو بار بار کہنے کے باوجود پانی کا اخراج نہیں کیا جارہا ہے۔ پورا علاقہ گندے پانی کی زد میں ہے، فضا آلودہ اور بدبودار ہوچکی ہے، انتظامیہ پانی کی نکاسی کے نام پر لاکھوں روپے کے بل بنا کر ہڑپ کررہی ہے۔ واضح رہے دو روز قبل پریس کلب محلے میں اقلیتی برادری کے انتقال کرجانے والی میت کو بھی پانی سے گزار کر قبرستان پہنچانا پڑا، جہاں پر اقلیتی برادری کا قبرستان زیرآب ہونے کے باعث تدفین میں سوگواروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہر کے دو بڑے قبرستان پیر عالیٰ شاہ اور مولوی احمد ملاح اور دیگر زیرآب ہونے کی وجہ سے بھی شہریوں کو تدفین کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔