ملک بھر میں کورونا کیسز میں اچانک اضافہ‘مزید9مریض چل بسے

65

اسلام آباد‘ کراچی (نمائندگان جسارت) پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ

(covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 33865 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 752 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 9 افراد انتقال کرگئے۔ کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 3 لاکھ 4386 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 6408 تک جا پہنچی ہیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق 24 گھنٹے کے
دوران ملک بھر میں 514 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 133125 ہوگئی ہے جبکہ 2455 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ3 روز کے دوران پاکستان میں کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔15 ستمبر کو ملک میں کورونا کے 404 کیسز 6 ہلاکتیں، 16 ستمبر کو 665 کیسز 4 ہلاکتیں اور 17 ستمبر کو 545 کیسز اور 6 ہلاکتیں ہوئیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 3 دن میں اسکولوں کے34 بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ میں24 طلبہ، ننکانہ صاحب میں7 طلبہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ بھکر میں ایک بچہ اور ایک اسکول ملازم میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ لودھراں میں ایک اسکول ملازم میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔