یورپ میں کورونا پھیلنے کی رفتارخطرناک حد تک بڑھ گئی

77

کوپن ہیگن (آن لائن)عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ یورپ میں کورونا کے پھیلنے کی رفتار خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔تنظیم نے یورپی ملکوں سے کہا کہ مریضوں کو قرنطینہ میں رکھنے کی مدت کم کرنے سے گریز کیا جائے۔ ان خیالات کااظہار ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر ہینز کلوج نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ رواں ماہ ستمبر کے دوران جس تعداد میں کورونا کے کیسز دیکھے گئے ہیں وہ ’ہم سب کو جگانے کے لیے کافی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بڑھتے کیسز کی تعداد کی ایک وجہ زیادہ ٹیسٹ بھی ہیں مگر یہ خطے میں وائرس کے خطرناک رفتار سے پھیلنے
کی بھی نشاندہی ہے۔عالمی ادارہ صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ متاثرہ افراد کو 14 دن قرنطینہ میں رکھنے کی اپنی گائیڈ لائن کو تبدیل نہیں کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ’قرنطینہ میں رکھے جانے کی سفارش پر عمل درآمد کیا جائے اور اس میںتسلسل ہونا چاہیے۔