نیا پاکستان نہیں پرانا واپس کرو۔ پینے کا صاف پانی دے دو،

306

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نئے پاکستان میں بچے بھی پریشان، پرانا پاکستان واپس دینے کا مطالبہ نیا پاکستان نہیں پرانا واپس کرو۔ پینے کا صاف پانی دے دو،نئے پاکستان میں مسائل کے انبار نے بچوں کو بھی پریشان کردیا ہے، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ننھے بچے نے پرانا پاکستان واپس دینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

سندھ کے نواحی گاؤں کے ایک بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں نوعمر بچہ گندہ پانی پینے کی وجہ سے مرنے والا اپنا مرغا دکھا کر شدید احتجاج کررہا ہے۔سیلاب کے پانی میں کھڑے بچے کا کہنا ہے کہ ہمیں تباہ کیا جارہا ہے، ہم بھی یہ پانی پی کر مرتے ہیں ہمارے جانور بھی یہ پانی پی کر مررہے ہیں، بلاول بھٹو یہ پانی نکلوائیں اور ہمیں پینے کیلئے صاف پانی دیا جائے۔

سندھ میں حکمراں جماعت کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری سے سوال کرتے ہوئے اس بچے کا کہنا تھا کہ ہمیں صاف پانی نہیں دیا جاتا، ہمیں نیا پاکستان نہیں چاہیے، پرانا پاکستان واپس دیا جائے۔

واضح رہے کہ سندھ میں گزشتہ 12 سال سے پیپلزپارٹی بلا شرکت غیرے حکومت کررہی ہے تاہم کراچی سمیت سندھ بھر میں کوئی شہر، گاؤں یا دیہات ایسا نہیں جہاں حکومت نے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے ہوں۔

اندرون سندھ پینے کے پانی کا مسئلہ عوام کیلئے شدید پریشانی کا سبب بنا ہوا ہے، پینے کے صاف پانی کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے عوام گندے جوہڑوں سے پانی پینے کی وجہ سے بیماریوں کا شکار ہوکر انتقال کرجاتے ہیں۔

ویڈیو میں موجود بچے کا لب و لہجہ اس کے کرب کا ظاہر کرتا ہے، عوام کے احتجاج، اموات اور مشکلات کے باوجود حکمرانوں کے کانوں پر جوں بھی نہیں رینگتی ہے۔